اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران، عراق اور شام میں مقدس مقامات کو بڑی خوبصورتی سےسجایا گيا ہے اور روضہ ہائے مقدسہ کے اطراف کے علاقے میں نہایت خوبصورتی سے چراغان کیا گيا ہے۔ روضوں پرکی گئي چراغانی اپنی مثال آپ ہے۔
مشہد مقدس میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فرزند حضرت امام رضا علیہ السلام کے روضہ اقدس کو نہایت ہی خوبصورتی سے سجايا اور چراغانی کی گئي ہے۔ حضرت امام رضا علیہ السلام کے روضہ اقدس پر اس وقت لاکھوں زائرین کا مجمع ہے۔
قم میں بھی آپ کی بہن فاطمہ مصعومہ سلام اللہ علیھا کے روضہ اقدس میں بھی لاکھوں زائرین کا مجمع ہے۔ ان مقدس روضوں کے اطراف اور سارے شہر میں سبیلیں لگي ہوئي ہیں جن میں لوگوں کو شربت اور مٹھائياں پیش کی جارہی ہیں۔
واضح رہے اسلامی جمہوریہ ایران میں خاندان نبوت و عصمت و امامت کی ہرفرد بالخصوص حضرت امام زمانہ علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے دن کی مناسبت سے پورے ملک میں چراغانی کی جاتی ہے اور لوگ خوشیاں مناتے ہیں اور ایک دوسرے کو مبارک باد اور شیرینی پیش کرتے ہیں۔ یہ سلسلہ ازمنہ قدیمہ سے چلا آرہا ہے۔
ایران کے ہر چھوٹے بڑے شہر اور قریے میں مسجدوں، امام بارگاہوں اور علماء کرام اور مراجع عظام کے گھروں میں جشن و محفلوں کا سلسلہ جاری ہے جو گذشتہ شب ہی سے شروع ہوگيا تھا۔ عراق سے موصولہ اطلاعات کے مطابق کربلائے معلی میں اس وقت دسیوں لاکھ زائرین کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر دیکھا جاسکتا ہے جو عراق کے مختلف علاقوں سے پیادہ کربلا پہنچے ہیں۔
عراق میں نجف اشرف میں بارگاہ امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام، کربلائے معلی میں بارگاہ حضرت امام حسین علیہ السلام اور حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام، کاظمین میں بارگاہ حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام اور حضرت امام محمد تقی علیہ السلام اور سامرا میں حضرت امام علی نقی علیہ السلام اور حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کے روضوں کو نہایت خصوبصورتی سے سجایا گيا ہے۔ ان مقامات مقدسہ پر دسیوں لاکھ افراد آج کی مناسبت سے موجود ہیں۔
شام اور لبنان میں بھی اھل بیت نبوت و عصمت و امامت کے عقیدت مند بڑے زور و شور سے منجی عالمی بشریت حضرت امام مہدی علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے جشن منارہے ہیں۔
دمشق میں امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام کی شیر دل بیٹی حضرت زینب سلام اللہ علیھا کا روضہ اس وقت لاکھوں زائرین سے چھلک رہا ہے۔
کربلا معلی سے موصولہ اطلاعات کے مطابق عراقی حکومت نے زائرین کی حفاظت کے لئے مکمل حفاظتی انتظامات کئے ہیں۔ ان ہی دنوں کربلائے معلی میں سلفی تکفیری دہشتگردوں نے نہتے زائرین کو دہشتگردی کا نشانہ بناکر اپنے امریکی اور صیہونی آقاؤں کو خوش کیا تھا۔ حالیہ دہشتگردانہ حملوں میں چالیس افراد شہید ہوئے تھے۔ ..... /169